اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے باوجود بھی اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں جب کہ حزب اللہ بھی جوابی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے باجود اسرائیل اور حزب اللہ ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات لگاتے ہوئے حملے کررہے ہیں۔
گزشتہ روز اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیوں کے بعد حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر جوابی حملہ کیا جس کا جواب اب اسرائیل نے لبنان میں بمباری کی صورت میں دیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے لبنان پر کی گئی تازہ بمباری میں 11 لبنانی شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
اسرائیل اور حزب اللہ کےدرمیان 60 روزہ جنگ بندی معاہدہ گزشتہ ماہ ہوا تھا جو 27 نومبر سےنافذالعمل ہوا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ پر بھی بمباری جاری ہے جس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔
سعودی عرب کے دورہ پر آئے ہوئے فرانسیسی صدر میکرون اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے غزہ میں بغیر کسی تاخیر کے جنگ بندی کی کوششوں پر زور دیا۔