ملتان: بنگلا دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کا تاج اپنے سرسجا لیا۔پاکستان بنگلا دیش کو شکست دے کر ورلڈ چیمپئن بن گیا. پاکستان پہلی بار بلائنڈ ورلڈ ٹی 20 کا عالمی چیمپئن بنا، قومی ٹیم نے بنگلا دیش کیخلاف 10وکٹوں سے فتح حاصل کی۔گرین شرٹس نے 140 رنز کا ہدف 10.2 اوورز میں پورا کر لیا. بنگلادیش نے7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے تھے۔ بنگلا دیش بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عارف حسین 54 رنز بناکر نمایاں رہے. ایم ڈی سلمان 31، عاشق الرحمان 22 رنز بنا پائے جبکہ دیگر کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے بابر علی نے 2، محمد سلمان اور مطیع اللہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی سید محسن نقوی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اہم شخصیات نے بلائنڈ کرکٹ کو ورلڈ چیمپئن بننے پر مبارکباد دی ہے۔