اسلام آباد(ثناءنیوز)ممتاز کشمیری رہنماءیٰسین ملک نے کہا ہے کہ ملک و ملت اور تحریک آزادی کشمیر کے لئے جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر قاضی حسین احمد (مرحوم) کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔اتحاد امت کے حقیقی علمبردار تھے ا یسے وقت میں جبکہ قوم کو قاضی حسین احمد جیسے رہنماﺅں کی ضرورت تھی۔ وہ ہم سے جدا ہو گئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں قاضی حسین احمد (مرحوم) کے صاحبزادے آصف لقمان قاضی سے اظہار تعزیت کے لئے ملاقات میں کیا۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ امان اﷲ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ حسین احمد، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قاضی حسین احمد (مرحوم) کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی یٰسین ملک، قاضی حسین احمد کے انتقال پر مقبوضہ کشمیر سے خصوصی طور پر تعزیت کے لئے پاکستان آئے تھے۔ یاسین ملک نے کہا کہ دوسروں کے موقف اور نکتہ نظر کو سننے والا رہنماءہی ملک و ملت کو آگے لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد (مرحوم) کی یہ بہت بڑی خوبی تھی کہ وہ سب کے نکتہ نظر کو سنتے تھے۔ لوگوں کو اکٹھے رکھنے کی بھر پور صلاحیت تھی۔انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد پاکستان اتحاد ملت کی عملی علامت تھے ۔دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی عملاً مدد کے لئے کوشاں رہتے تھے تحریک آزاد ی کشمیر سے ان کی گہری وابستگی تھی۔ کئی مشکل مواقع پر وہ کشمیری عوام کے لیے میدان میں آئے۔ اس موقع پر آصف لقمان قاضی نے ملی یکجہتی کونسل کے مرحوم سربراہ کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کشمیر سمیت دیگر قومی معاملات کے حوالے سے جدوجہد جاری ر ہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ، ایٹمی پروگرام ، آزاد وخود مختاری ہم سب کے مشترکات ہیں۔
قاضی حسین احمد اتحاد امت کے علمبردار تھے‘ کئی مواقع پر کشمیری عوام کے لئے میدان میں آئے: یسین ملک
Feb 03, 2013