کراچی (نوائے وقت نیوز+ نیوز ایجنسیاں) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ گیس پائپ لائن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں ممالک مزید قریب آرہے ہیں۔ پاکستان میں توانائی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے یہ معاہدہ ضروری تھا۔ ہمیں معلوم ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پر پاکستان کو امریکہ کے دباﺅ کا سامنا ہے۔صرف توانائی ہی نہیں دیگر مسائل پر بھی پاکستان سے تعاون کریںگے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ ایران بلوچستان سمیت پاکستان کے کسی حصے میں مداخلت نہیں کر رہا، ایران اور پاکستان کو گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکہ سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ قبل ازیں گزشتہ روز انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔