کراچی (این این آئی) پاکستان سنی تحریک اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں دونوں جماعتیں مل کر انتخابی عمل میں حصہ لیں گی اور دیگر سیاسی قوتوں کو بھی اپنے اتحاد کا حصہ بنایا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) اور سنی تحریک کے درمیان آئندہ بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں جماعتوں کے رہنماﺅں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد نے سینئر رہنما ممنون حسین کی سربراہی میں پی ایس ٹی کے رہنماﺅں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنماءمحمد شاہد غوری، محمد شکیل قادری، محمد شاداب رضا ، مطلوب اعوان، محبوب سہتو اور دیگر موجود تھے۔ ملاقات میں ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی گئی۔ ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ کی قیادت میں گذشتہ ماہ ایک وفد نے لاہور میں میاں محمد نواز شریف سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کی اور اس موقع پر دونوں جماعتوں کے رہنماﺅن نے ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس نتیجہ پر پہنچے تھے کہ دونوں جماعتیں موجودہ حالات سے مطمئن نہیں ہیں۔ ممنون حسین نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)ٰ ملک کی تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر الائنس بنائے گی اور پاکستان سنی تحریک بھی اسی الائنس کا حصہ ہے۔ اس موقع پر محمد شاہد غوری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان سنی تحریک کے رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر انتخابات میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ممنون حیسن، پیر امین الحسنات، خواجہ سعد رفیق، پیر عمران شاہ، سلیم ضیاءاور مفتی انتخاب احمد جبکہ پاکستان سنی تحریک کی جانب سے محمد شاہد غوری، محمد شکیل قادری، محمد شاداب رضا، محبوب سہتو اور مطلوب اعوان شام ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پر عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔