پنجاب حکومت کا 4 شہروں کےلئے میٹرو بس سروس کا اعلان

Feb 03, 2014

اداریہ

پنجاب کابینہ نے ملتان‘ فیصل آباد ،راولپنڈ ی اور  اسلام آباد میٹرو بس منصوبوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ راولپنڈی‘ اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا سنگ بنیاد 28 فروری کو رکھا جائے گا۔لاہور میں میٹرو بس منصوبے کی کامیابی کے بعد پنجاب حکومت نے دیگر شہروں میں بھی عوام کو سہولیات دینے کیلئے اس طرز کے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 28 فروری کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ حکومت پنجاب نے لاہور کا منصوبہ 11 مہینوں کی قلیل مدت میں پورا کیا تھا۔ اب پھر راولپنڈی کا منصوبہ بھی 11 مہینوں جبکہ ملتان اور فیصل آباد کا منصوبہ 10 مہینوں میں مکمل کرنے کااعلان کیا ہے اگر خلوص نیت سے کام کیا جائے تو یقینی طور پر قلیل مدت میں منصوبے مکمل ہو جائینگے۔ لاہور میں ایک لاکھ کے قریب افراد روزانہ میٹرو بس کے سفر سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ پنڈی میں بھی تقریباً ایک لاکھ کے قریب ہی افراد ہر روز اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ یہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے بہترین منصوبے ہیں لیکن حکومت ایک بات کا خیال رکھے کہ جن لوگوں کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔حکومت عوام کی فلاح و بہبود کوپیش نظر رکھ کر انہیں بہتر سہولیات پہنچاتی رہے۔ یہی فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

مزیدخبریں