ہٹیاں بالا /سری نگر(اے این این) پاکستان بھارت اعلیٰ سطح کے روابطوں میں پیش رفت کے باعث سری نگر مظفر آباد بس سروس17روز بعد آج سے بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، 124مسافر گھروں کو روانہ ہونگے، دونوں اطراف پھنسے 76 ڈرائیوروں کا فیصلہ نہ ہو سکا، لواحقین پریشانی سے دوچار، بارہ مولہ میں متاثرہ کشمیری ڈرائیوروں کے اقرباء کا احتجاج، تاجروں اور ٹرانسپورٹروں نے ڈرائیوروں کی واپسی تک بس سروس روکنے کی دھمکی دے دی۔ ذرائع کے مطابق کنٹرول لائن تجارت کے دوران مقبوضہ کشمیر جانے والے ایک ٹرک سے منشیات بر آمد ہونے کے الزام کے بعد کشیدگی میں اعلیٰ سطح کے رابطوں کے بعد کمی آئی ہے اور دونوں ملکوں نے آج پیر سے سری نگر مظفر آباد بس سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد دونوں اطراف پھنسے 124 مسافر اپنے گھروں کو روانہ ہو سکیں گے تاہم معطل شدہ ٹرک سروس کی بحالی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔بس سروس کی بحالی کا فیصلہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی سطح پر رابطوں کے بعد کیا گیا ہے اور دونوں ملکوں نے ٹرکوں اور ان کے ڈرائیوروں کا معاملہ بھی سفارتی سطح پر حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔