لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے، پی ٹی آئی فوجی عدالتوں کے متعلق مؤقف واضح کرے کیونکہ اے پی سی میں فوجی قیادت کی موجودگی میں خصوصی عدالتوں کی حمایت کے باوجود تحریکِ انصاف کے رہنما حامد خان کا عدالت سے رجو ع کرنا دوغلی پالیسی ہے پاکستان ریلویز کی نجکاری کی کوئی تجویز زیرغور نہیں مال برداری کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں مسافروں کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے پاکستان ریلویز کو خسارے سے نکالنے کا عمل بتدریج جاری ہے ریلوے پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ آئندہ مالی سال سے عملاًشروع ہوجائے گا ریلوے خسارے کو مسلسل کم کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کینٹ ریلوے سٹیشن پر پاور وینز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے گاڑیوں میں بجلی پانی کی سہولیات کو بہتر کرنے کے لیے دس وینز تیار ہوچکی ہیں جس کے بعد نئی پاور وینز کی کل تعداد بیس ہوچکی ہے۔ ریلوے روزانہ آٹھ سے دس مال گاڑیاں چلانے کی پوزیشن میں آچکی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ میں یہ کبھی نہیں کہوں گا کہ ہم نے یہ سب کچھ کر لیا ہے، ہمارے پاس 17دنوں کا آئل کا سٹاک تھا جو 10دن کا رہ گیا تیل کی قیمت کم ہونے کے بعد اگلے چند دِنوں میں 20دن کا تیل کا سٹاک رکھا جائے گا اور اُمید ہے کہ یلوے کے ایس او پی کے تحت 30دن کے تیل کا ذخیرہ ہونا ضروری ہے جو بہت جلد پورا کر لیا جائے گا۔