اسلام آباد( صباح نیوز)سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے دہشت گردی و انتہا پسندی سے نمٹنے کے قومی لائحہ عمل کے تحت ملک میں دہشت گردی کے مقدمات کی فوری سماعت کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام کو ضروری قرار دیا ہے ۔ وائس آف امریکہ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قومی لائحہ عمل کے تحت ملک میں دہشت گردی کے خلاف اقدامات کا دفاع کیا جائے گا اور جن لوگوں کو بھی اس پر تحفظات ہیں انھیں دور کیا جائے گا۔"میں یہ سمجھتا ہوں اخلاقی طور پر وہ لوگ جنہوں نے فوجی عدالتوں کے قیام میںحصہ ڈالا تھا ان کو سیاسی طور پر اس کا دفاع کرنا چاہیئے یہ ایک وقت اور مخصوص حالات کے لیے ہیں اور یہ فوج پر نہیں چھوڑ دیا گیا ہے کہ وہ کسی کو پکڑ کر فوجی عدالت لے جائیں اور ان کو سزا دلوائیں ۔ ان عدالتوں میں وہ مقدمات چلائے جائیں گے جن کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی"۔ادھر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر فضل الحق عباسی نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق قانون سازی بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ موجودہ نظام عدل کو بہتر اور موثر بنانے کے لیے اقدامات کرے۔