7 سال بعد 23 مارچ کوفوجی پریڈ کے انعقاد کا فیصلہ، چینی صدر مہمان خصوصی ہونگے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سات سال قبل ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے معطل کی گئی یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ فوجی پریڈ کے اس سال انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مشترکہ پریڈ میں حصہ لینے کیلئے فوجی دستے فروری کے وسط میں اسلام آباد میں پہنچنا شروع ہوجائیں گے جبکہ اس سے قبل پریڈ کے مقام کا تعین کرلیا جائیگا اور اسی اعتبار سے پریڈ میں حصہ لینے والے دستوں کو دارالحکومت میں ٹھہرایا جائیگا۔ پریڈ سے پہلے مکمل فوجی پریڈ کی دو بار ریہرسل ہوگی۔ علاوہ ازیں چین کے صدر لی جن پنگ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وہ 23 مارچ کو فوجی پریڈ میں مہمان خصوصی ہونگے۔ اس سلسلے میں فل ڈریس پریڈ کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں ایکسپریس وے کے اطراف میں سرچنگ شروع کر دی گئی۔ اس سے پہلے گزشتہ چھ برس سے یوم پاکستان پر ہونے والی پریڈ کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر منسوخ کیا جا رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق پریڈ میں 22 غیر ملکی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔ چینی صدرژی جن پنگ 22 مارچ کو پاکستان پہنچیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صدر کے دورے کے دوران پاکستان چین کے درمیان اہم سٹرٹیجک معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ چینی صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔
فوجی پریڈ


ای پیپر دی نیشن