اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران دھاندلی ثابت نہ ہونے کی وجہ سے بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ عجیب منطق پیش کرتے ہیں کہ اسمبلیاں جعلی ہیں سینٹ ٹھیک ہے، جس الیکشن کمشن کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے تھے اسی کے در پر جا کر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، خان صاحب جس پر بھی اعتماد کریں گے وہ سمجھ جائے کہ ان کے ہاتھوں اگلی باری اس کی ہے۔ پورے پاکستان میں دھاندلی ہوئی مگر خیبر پی کے میں نہیں ہوئی، سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان میں ہم بھی ہارے ہیں مگر ہم نے تو دھاندلی کا الزام نہیں لگایا،کس قانون کے تحت اب عمران خان کہہ رہے ہیں کہ سپیکر کو ڈی سیٹ کر دیا جائے، خان صاحب کو کچھ پتہ ہی نہیں، قصور ان کا نہیں ان کے مشیروں کو پکڑنا چاہئے جو جگ ہنسائی کرا رہے ہیں۔ عمران کو پہلے جس عدالت پر اعتماد تھا شکست پر کسی کے خلاف ہو گئے ہیں۔ دھرنے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، عمران نے کہا کہ ارکان اسمبلی جعلی بیلٹ پیپرز سے اسمبلی میں پہنچے، دھرنے میں راگ الاپا کہ بیلٹ پیپرز اردو بازار سے چھپوائے گئے۔ امید تھی عمران خان چیف الیکشن کمشنر کو بیلٹ پیپرز اردو بازار سے چھپوانے سے آگاہ کریں گے۔ بیلٹ پیپرز ٹول پلازا کی پرچیاں نہیں ہیں کہ ہر جگہ سے چھپوا دئیے جائیں۔ بیلٹ پیپرز سکیورٹی پرنٹنگ پریس کے سوا کہیں سے نہیں چھپ سکتے۔
پرویز رشید