پشاور (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) شہدا فورم کی جانب سے آرمی پبلک سکول سانحہ کی تحقیقات نہ کرائے جانے پر ملک بھر میں دھرنوں کی کال دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہدا فورم کا کہنا ہے چودھری نثار کے پاس اطلاعات تھیں تو ایکشن کیوں نہیں لیا، عمران خان کو پشاور کی حکومت چھوڑ دینی چاہئے، شہدا فورم کی جانب سے جاری بیان میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ بچوں کو فوجی اعزازات اور ہمیں مراعات دی جائیں۔ شہدا فورم کی جانب سے سانحہ کی جوڈیشل انکوائری کرائے جانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ ایک بچے کو تھپڑ مار دیا جائے تو وارننگ مل جاتی ہے، 140 بچوں کی شہادت کو ڈیڑھ ماہ ہوگیا، قاتل کیوں نہیںپکڑے گئے۔ شہید بچوں کی مائوں نے وزیراعظم نواز شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر شدید تنقید کی اور کہا سب سے پہلے استعفیٰ عمران خان کو دینا چاہئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہید بچوں کے والدین نے شہدا فورم کے تحت مطالبہ کیا نواز شریف نمائندہ نہ بھیجیں، خود آکر ہمیں مطمئن کریں۔ عمران خان نے کہا تھا 16 دن میں تحقیقات کرائیں گے۔ سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو ابھی تک بے نقاب نہیں کیا گیا۔ یہ دھرنا ہمارے بچوں کیلئے ہونا چاہئے تھا۔ دو فروری گزر گئی، ملوث ملزمان کو کیوں گرفتار نہیں کیا گیا۔ ہمارے بچوں کے سروں پر سیاست ہورہی ہے۔ حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں، ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے۔ این این آئی کے مطابق شہید بچوں کی مائوں کا کہنا تھا ہمارے ساتھ صرف وعدے کئے جارہے ہیں، ہمیں میٹھی ٹافیاں نہیں چاہئیں، حکومت ہمارے مطالبات پورے کرے۔ والدین کاکہنا تھا تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار فوری مستعفی ہوجائے۔