لاہور + اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران+ آئی این پی) شہر بھر میں سرچ آپریشن کے دوران 38 افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن میں سے 35 کے خلاف کارروائی کی گئی۔ مجموعی طور پر 3768 افراد کو چیک کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کئے بغیر ہم دہشت گردی کی جنگ نہیں جیت سکتے۔ جب تک ہم متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرینگے تب تک اس ملک کے دشمنوں کے مذموم ارادوں کو ناکام نہیں بنایا جاسکتا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری رہا جبکہ مزید 97 افراد کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن تھانہ سبزی منڈی، ترنول اور آبپارہ کے علاقوں میں کیا گیا اور درجنوں ایسے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کی کوئی شناخت نہیں تاہم ان سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ واضح رہے حساس اداروں کی طرف سے دہشت گردی کے واقعہ کی وارننگ جاری کی گئی تھی جس کے بعد سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کردئیے گئے۔ ادھر چکوال میں بھی سرچ آپریشن کے نتیجہ میں ہندوئوں کے متبرک مقام کٹاس راج کے علاقے سے 7مشتبہ افغان شہری گرفتار کر لئے گئے۔ ملزمان میں شب قدر، عبدالقادر، ایوب خان، صاحب خان، بارات خان، موسیٰ خان اور ابراہیم خان شامل ہیں۔ ساتوں ملزمان علاقہ میں غیرقانونی طور پر مقیم تھے۔ انہیں جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرگودھا میں سرچ آپریشن کے دوران ایک غیرقانونی مقیم افغان شہری محمود خان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کیخلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔