لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے سے روکدیا

Feb 03, 2015

لاہور(وقائع نگارخصوصی +نوائے وقت نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو  ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے سے روک دیا۔ عدالت عالیہ  نے  ادارہ منہاج القرآن  کی رجسٹریشن کی منسوخی روکتے ہوئے پنجاب حکومت اور رجسٹرار جوائنٹ سٹاک کمپنیز سے  2ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن منسوخی کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔عدالت کے روبرو ادارہ منہاج القرآن کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ سا نحہ ماڈل ٹائون کے بعد  پنجاب حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے ۔ اور ادارے کے عہدیداروں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔رجسٹرار جوائنٹ سٹاک کمپنیز نے بلٹ پروف گاڑی اور کنٹینر کی خریداری کے سلسلہ میں تحریری جواب داخل کرانے کے باوجود ادارے کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا نوٹس جاری کیا۔عدالت نوٹس کالعدم قرار دے۔فاضل عدالت نے موقف سنتے ہوئے رجسٹریشن کی منسوخی روکتے ہوئے حکام سے 2ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ واضع رہے  رجسٹرار جوائنٹ سٹاک کمپنیز نے ادارہ منہاج القرآن کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا نوٹس بھجواتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ادارے نے غیر قانونی طور پر بلٹ پروف گاڑیاں اور کنٹینر خریدے اور اپنی آڈٹ رپورٹ میں اس کا ذکر بھی نہیں کیا۔ادارہ منہاج القرآن کے سیکرٹری جنرل محمد مصطفی نے معطلی کے نوٹس کو چیلنج کیا تھا  ۔

مزیدخبریں