نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی اداکار انوپم کھیر نے الزام لگایا ہے کہ نئی دہلی کے پاکستان ہائی کمشن نے کراچی ادبی میلے میں شرکت کے لئے انہیں ویزا نہیں دیا۔ بی بی سی کے مطابق انوپم کھیر اور 17 دیگر ادیبوں اور فنکاروں کو چار روزہ کراچی ادبی میلے میں 5 فروری سے شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ انہوں نے ویزا نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ کراچی ادبی میلے میں شرکت کا انتظار کر رہے تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ اس پلیٹ فارم سے لوگوں کے ذہن میں بسی ہوئی غلط فہمیوں کو دور کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ صرف مجھے ویزا کیوں نہیں دیا گیا۔ ہو سکتا ہے کہ اس لئے کہ میں کشمیری پنڈت ہوں یا پھر رواداری کے بارے میں میرا جو موقف رہا ہے شاید اس کی وجہ سے ویزا نہ دیا گیا ہو۔ اس دوران پاکستان ہائی کمشن کی طرف سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ انوپم کھیر نے پاکستان ہائی کمشن میں کبھی ویزا کی کوئی درخواست داخل نہیں کی۔ اگر ان کے پاس اپنی درخواست کی رسید ہے تو دکھا دیں۔ دوسری طرف پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ انوپم کھیر کی کوئی درخواست ہائی کمشن کوموصول نہیں ہوئی۔ ویزا کسی ملک کے دعوت نامے پر نہیں درخواست پر پراسیس کیا جاتا ہے۔