اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مشترکہ کوششیں اور باہمی فیصلہ سازی خطے کی ترقی، امن اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں، پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں خصوصاآذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اورانہیں مزید وسعت دینے کا خواہاںہے، پاکستان کے مصر آذربائیجان اورسری لنکا کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات موجود ہیں ۔جمعرات کو آذربائیجان، مصر اور سری لنکا کے سفیروں اور ہائی کمشنر وں نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات اور شراکت داری کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تجارتی حجم میں اضافے اور اقتصادی تعلقات کومزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آذربا ئیجان کے سفیر علی علی زادہ نے پاکستان کی طرف سے آذربائیجان کے ساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کی سیاسی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزیدمستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ مصر کے سفیر شریف شاہین نے عالم اسلا م میں اتحاد ویکجہتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سر اہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیاکہ پاکستان اور مصر ایک پر امن ،مستحکم اور تر قی پسند عالم اسلا م کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔سر ی لنکا کے ہائی کمشنر نے کہاکہ سر ی لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتا ہے انہوں نے سپیکر کویقین دلایا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون میں اضافے کیلے کوششیں جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ سر ی لنکا خطے میں مساوی اقتصادی مواقعوں اور پائیدار تر قی کے لیے پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔