اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں تعینات چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی اقتصادی شرح نمو کا انتہائی معترف ہے اور اس کے عوام کے خوشحال مستقبل کا خواہاں ہے۔ ایک مقامی ہوٹل میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان حال ہی میں دنیا میں تیزی سے ترقی کرتا ہوا اسلامی ملک کے طور پر ابھرا ہے اور اس کی قیادت اپنے عوام کے بہتر مستقبل کے حصول کیلئے ٹھوس کوششیں کرنے پر تعریف کی مستحق ہے۔ مفاہمت کی اس یادداشت پر پاکستان۔ چین انسٹی ٹیوٹ پی سی آئی اور ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹنٹس (اے سی سی اے) پر دستخط کئے گئے۔ اس کا مقصد سڑکوں ،ریلوے اور سمندری رابطوں کے ذریعے شاہرا ہ ریشم پر واقع ممالک کے درمیان روابط کو ترقی دینے کیلئے چین کے صدر شی چن پنگ کی تجویز چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور ون بیلٹ و ن روڈ (اوبور ) کیلئے افرادی قوت فراہم کرنے کے لئے عوام کی پیشہ وارانہ مہارت کو ترقی دینا ہے۔ مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں پی سی آئی مینجمنٹ اور اکائونٹس کے شعبے میں پیشہ وارانہ ترقی کیلئے اے سی سی اے کے ساتھ کام کرے گی۔ چین اور پاکستان دونوں کو تاریخی مواقع فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان پارٹنر شپ سی پیک پر عملدرآمد کے ساتھ نئی بلندیوں تک پہنچ رہی ہے۔ یہ امر انتہائی باعث اطمینان ہے کہ سی پیک کے تحت منصوبوں پر اطمینان بخش طریقے سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ سی پیک پر اس کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کرنے کے بارے میں پاکستان میں تمام جماعتوں اور گروپوں میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔