پاکستان: بیلا روس باہمی تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھا سکتے ہیں: صدر الیگزینڈر

Feb 03, 2017

منسک (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) بیلاروس کے صدر ایگزینڈر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلا روس 2020ء تک باہمی تجارت کے حجم کو ایک ارب ڈالر تک بڑھا سکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے چیئرمین سینٹ رضا ربانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے پاکستان اور اس کی لیڈرشپ کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملک تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان 2020ء تک باہمی تجارت ایک ارب ڈالر تک لیکر جانے کا معاہدہ موجود ہے جس سے دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک تمام شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔ دونوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ اس سے قبل پاکستانی وفد کا منسک پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بہت کم وقت میں بیلاروس اور پاکستان نے ایک قانونی فریم ورک بنایا ہے جو مختلف شعبوں میں 70 سے زائد تعاون کے معاہدوں پر مشتمل ہے۔پاکستان اور بیلاروس کے مابین پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی مربوط کوشش کے طور پر سینٹ آف پاکستان اور بیلاروس کی کونسل آف نیشنل اسمبلی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس کے تحت پارلیمانی روابط کے فروغ کے ذریعے معاشی اور سماجی تعلقات بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ مفاہمت کی اس یاداشت پردستخط چیئرمین سینٹ کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی کونسل آف نیشنل اسمبلی بیلاروس کے چیئرمین میخائل میس نیکووچ کے ساتھ ملاقات کے دوران ہوئے۔

مزیدخبریں