بھارتی مبینہ سرجیکل سٹرائیک: پاکستان کو ایٹم بم چلانے کا جواز مل جائیگا: برطانوی جریدہ

Feb 03, 2017

لندن (صباح نیوز) بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کے جواب میں پاکستان کے پاس موثر چھوٹے ایٹمی ہتھیار موجود ہیں، اگر بھارت مبینہ سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کرنے سے باز نہ آیا تو پاکستان اپنے محدود پیمانے پر تباہی پھیلانے والے چھوٹے ایٹمی ہتھیار آگے لے آئے گا جن کا بھارت کے پاس کوئی توڑ نہیں، اس بات کا انکشاف برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ برطانوی جریدے نے دعوی کیا ہے کہ پاکستانی حکام پہلے ہی بھارت کے کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن کے تحت کسی بھی آپریشن کی صورت میں ایٹمی حملہ کرنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے بھارتی آرمی چیف نے جس طرح کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن کا برملا اعتراف کیا ہے اس سے پاکستان کو چھوٹے ایٹم بموں کی تیاری اور انہیں بھارت کے خلاف استعمال کرنے کا جواز مل جائے گا۔ بھارت اپنی بدحواسی میں یہ ہی نہیں سمجھ پایا کہ سرجیکل سٹرائیک کا اصل مطلب کیا ہے، لیکن اس کے سرجیکل سٹرائیک کے شور شرابے سے پاکستان میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ اب بھارت بھیگی بلی بن کر پاکستان کے ان ایٹمی حملوں کی روک تھام کے لیے متحدہ امریکہ کی جانب اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ برطانوی جریدے نے خبردارکیا ہے کہ اگر بھارت مبینہ سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کرنے سے باز نہ آیا تو پاکستان چھوٹے ایٹمی ہتھیار آگے لے آئے گا جن کا بھارت کے پاس کوئی توڑ نہیں۔ برطانوی جریدے کی اس خبر نے بھارتیوں کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔

مزیدخبریں