عطاالحق قاسمی کو 2 برس میں دیئے 27 کروڑواپس لیں گے ، کیوں نہ سابق وزیراعظم سے لیں : چیف جسٹس

Feb 03, 2018

اسلام آباد(آئی این پی ) سپریم کورٹ نے ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس میں سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کی تقرری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عطا الحق قاسمی کو 2 سال میں27کروڑ روپے دیئے گئے، پھر کہتے ہیں عدلیہ متحرک نہ ہو، کیا اس طرح کا پیکیج عطا الحق قاسمی کو دیا جاسکتا تھا، مجھے تو یہ سارا قصہ ہی ڈرامہ لگ رہا ہے، کیوں نہ سابق وزیراعظم کو سمری منظور کرنے پر نوٹس جاری کر دیں۔ سیکرٹری اطلاعات احمد نواز سکھیرا نے عدالت کے استفسار پر کہا کہ میرے خیال سے یہ تقرری مناسب نہیں تھی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ عطا الحق قاسمی کی تقرری کو غیر قانونی کیوں نہیں کہتے۔ یہ غریبوں کے ٹیکس کا پیسہ تھا، رقم دینے اور لینے والے رقم واپسی کے ذمہ دار ہوں گے، ہم عطا الحق قاسمی سے وصول کریں گے۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر پرویز رشید، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، عطا الحق قاسمی، صبا محسن اور سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیے اور آئندہ سماعت12فروری کو ہوگی۔

سپریم کورٹ /قاسمی

مزیدخبریں