عالمی خریداروں کی پاکستانی گندم میں دلچسپی‘ برآمدات 5.5 ملین ٹن تک پہنچ گئیں

Feb 03, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) جنوری 2018ء کے دوران عالمی خریداروں نے پاکستان سے 3 ملین ٹن گندم درآمد کرنے کے معاہدے کئے ہیں۔ خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی گندم میں عالمی خریداروں کی دلچسپی کا بنیادی سبب گندم میں پائی جانے والی پروٹین کی اضافی مقدار ہے اور پاکستان میں پیدا ہونے والی گندم میں پروٹین کی مقدار 11.5 تا 12 فیصد تک ہے جس کی وجہ سے عالمی خریدار روس اور یوکرائن کی گندم کی بجائے پاکستانی گندم خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جنوری کے آخری ہفتہ کے دوران درآمدکنندگان نے پاکستان سے 188 ڈالر فی ٹن سے 198 ڈالر فی ٹن گندم خریدنے کے معاہدے کئے ہیں اور گندم کی برآمد جلد شروع کر دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے پہلے ہفتہ کے دوران یورپی درآمد کنندگان کی جانب سے پاکستان سے 2.5 ملین ٹن گندم خریدنے کے مزید معاہدے متوقع ہیں جس سے جنوری اور فروری 2018ء کے دوران پاکستان سے خریدی جانے والی گندم کا حجم 5.5 ملین ٹن سے تجاوز کر جائے گا۔

مزیدخبریں