ایف بی آر نے 2 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کر لئے

Feb 03, 2018

کراچی (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیونے رواں مالی سال2017-18کے ابتدائی7ماہ‘ جولائی تاجنوری کے دوران 2000 ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس آمدنی حاصل کرلی ہے ۔ واضح رہے کہ سال2013میں جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ایف بی آر کی پورے سال کی ٹیکس آمدنی ایک ہزار950ارب روپے سے بھی کم تھی۔ ایف بی آر کے جنوری2018سے متعلق ٹیکس وصولی کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق ایف بی آرنے مجموعی طور پر 272ارب روپے حاصل کئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جنوری2017 میں ایف بی آر کی ٹیکس آمدنی228ارب روپے ہوئی تھی اور اس حساب سے جنوری2018میں ٹیکس آمدنی میں 19فیصد کی حوصلہ افزاافزائش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس عرصے میں ایف بی آر نے3ارب روپے مالیت کے ریفنڈکلیمز کی بھی ادائیگی کی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ملک کے دوردراز مقامات سے ٹیکس آمدنی وصولی کے اعدادوشمار آنے باقی ہیں لیکن یہ امر نہایت خوشگوار ہے کہ عبوری اعدادوشمار میں ہی ایف بی آر نے ٹیکس وصول میں مطلوبہ19فیصد افزائش کاہدف حاصل کرلیاہے۔ ابتدائی 7ماہ میں ایف بی آر نے 1699ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں  300ارب روپے اضافے سے دوہزار روپے کی ٹیکس آمدنی حاصل کرلی ہے۔ ایف بی آر کو رواں مالی سال 2017-18کے لئے حکومت نے 4ہزار13ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کیاتھا اور اس امر کا قوی امکان ہے کہ حکومت اس ہدف کوحاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر ٹیکس دائرہ بڑھانے کے سلسلے میں جارحانہ اقدامات کررہی ہے ٹیکس نادہندگان کے خلاف گھیراتنگ کیاجارہاہے۔ اور اگر یہ مہم کا میابی سے ہمکنار ہوئی تو ٹیکس آمدنی مقررہ ہدف سے 200ارب روپے زائد بھی ہوسکتی ہے۔

مزیدخبریں