سخت سردی میں سٹابری کے پودوں کو سرکنڈا یا پرالی سے اچھی طرح ڈھانپ دیا کریں،محکمہ زراعت

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) سٹرابری کی فصل اس وقت بڑھوتری کے اہم مرحلہ سے گزر رہی ہے لہٰذا کاشتکار فصل کی بہتر دیکھ بھال کریں۔محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق سٹرابیری کے پودے دوسری فصلوں کی نسبت نرم و نازک ہوتے ہیںجس کی وجہ سے اس پر سردی کے اثرات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ سخت سرد راتوں میں پودے بڑی تیزی سے حرارت خارج کرتے ہیں اور ٹھنڈے ہو جاتے ہیں۔ پودوں کے خلیوں کا پانی جم جاتا ہے اور کیمیائی اجزاء یا تو اپنا توازن کھو دیتے ہیں یا اپنا اثر زائل کر دیتے ہیں۔ شدید کورا پڑنے کی صورت میں سٹرابیری کے پتے جھلس جاتے ہیں۔ سخت سردی اور کورے سے سٹرابیری کے چھوٹے پودے سوکھ جاتے ہیں اور جوان پودوں کے مختلف حصے مثلاً چشمے، پھول، شاخیں اور تنا بُری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ موسم سرما میں باغات کو سخت سردی سے بچانے کے لئے پودوں کو سرکنڈا یا پرالی سے اچھی طرح ڈھانپ دینا چاہئے ۔کورے کی متوقع راتوں میں آبپاشی کی جائے کیونکہ آبپاشی سے زمین کا درجہ حرارت زیادہ کم نہیں ہوتا اور پودے کے خلیوں میں پانی کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ اس طرح پودے کی کورے کے خلاف قوت مدافعت بڑھ جاتی ہے۔کھیت میں مختلف جگہوں پر گڑھے کھود کر ان میں پتے، گھاس پھوس، کوڑا کرکٹ یا ناکارہ توڑی وغیرہ جلا کر دھواں کرنے سے بھی کورے کا اثر کم کیا جا سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن