لاہور ( سپیشل رپورٹر) تحریک آزادی جموں کشمیرکے زیر اہتمام یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں مختلف شہروں میں آل پارٹیز کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان، مظفر گڑھ و دیگر شہروں میں ہونیوالی کانفرنسوں سے سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔ آج لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس ہو گی اور کراچی میں یکجہتی کشمیر کارواں ہو گا، کل مظفر آباد اور حیدرآباد میں کشمیر کانفرنسیں ہوں گی جبکہ 5 فروری کو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت کراچی، اسلام آباد، ملتان،کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ و دیگر شہروں میں یکجہتی کشمیر کانفرنسیں و سیمینار ہوں گے۔ لاہور میں یکجہتی کشمیر ریلی مال روڈ پر ہو گی۔ریلی کا آغاز استنبول چوک سے ہو گا اور اسمبلی ہال کے سامنے اختتام پر یکجہتی کشمیر کانفرنس سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس سے شفیق الرحمان، انجینئر عبدالقدوس سلفی، ابو محمد سلفی، شیراز کیانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے نظریہ پاکستان کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا تھا اور آج بھی جانیں قربان کر کے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ دنیا کی کشمیریوں پر مظالم پر خاموشی افسوسناک ہے۔بھارت بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔پاکستان کا پانی بند کر رہا ہے۔سیاسی جماعتوں کے منشور میں کشمیر کیوں شامل نہیں؟ حافظ محمد سعید نے تحریک آزادی جموں کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں کانفرنس سے مفتی محمد قاسم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پاکستانی قوم ان کی تحریک میں شانہ بشانہ شریک ہو۔ حکمران کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اْٹھائیں۔ بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو شہ رگ کہا تھامقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی سے ہی پاکستان میں استحکام ممکن ہے۔ ملتان کے مقامی ہوٹل میں ہونیوالی آل پارٹیز کشمیر کانفرنس سے علی عمران شاہین،ابو معاذ محمد عمران،سیکرٹری پاور لومز ملتان محمد یوسف رمضان، صدر ہائیکورٹ بار سید اطہر بخاری،ناظم اعلیٰ جماعت اہلحدیث پروفیسر عبدالحمید،جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا محمد ایوب مغل،انصاری موومنٹ کے رہنما ذوالفقار انصاری،ملی مسلم لیگ کے رہنما عبداللہ، مرکزی جمعیت اہلحدیث العالمی کے رہنما قاری عطاء اللہ عزیزی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے۔ حکومت پاکستان سفارتی محاذپر بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرے۔لاہور میں مال روڈ پر یکجہتی کشمیرریلی کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔چوکوں ،چوراہوں پر فلیکس لگائے گئے ہیں۔کانفرنس میںشہر بھر سے مختلف سکولز، کالجز،یونیورسٹیز اور دینی مدارس کے طلباء ، وکلائ، تاجروں ، صنعتکاروں اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔