اسلام آباد(خبر نگار)چوہدری رحمت علی کی 68 ویں برسی کے حوالے سے پاکستان نیشنل موومنٹ کا گزشتہ روز لوک ورثہ کے تعاون سے شکرپڑیاں کے قریب پاکستان مومنٹ میں واقع قومی میوزیم کے تحریک پاکستان کارنر میں اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت پاکستان نیشنل موومنٹ کے صدر ایم یوسف عزیز نے کی۔ اجلاس میں پاکستان نیشنل موومنٹ کے سیکرٹری جنرل صوفی نزیر تبسم گورسی ، سیکرٹری اطلاعات محمد حسین طاہر ، لوک ورثہ کی ناظم ڈاکٹر ذوبیہ سلطانہ اور پی ٹی وی کی رپورٹر نادیہ سجاد کے علاوہ دیگر احباب نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے شکرپڑیا ں کے قریب پاکستان مومنٹ کا دورہ کیا اور نقاش پاکستان چوہدری رحمت علی کے جسد خاکی کی ممکنہ تدفین کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا اس موقع پر پاکستان نیشنل موومنٹ کے صدر ایم یوسف عزیز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری رحمت علی پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے تحریک پاکستان کو نہ صرف مستحکم بنیادیں فراہم کی بلکہ نئی نواجوان نسل کو بے لوث قومی حیات و خدمات سے آگاہ کیا۔ اجلاس سے لوک ورثہ کی ناظم ڈاکٹر ذوبیہ سلطانہ، صوفی نزیر تبسم گورسی اور محمد حسین طاہر نے بھی خطاب کیا ، اس موقع پر پاکستان نیشنل موومنٹ کے قائدین نے پاکستان ٹیلی ویژن کو چوہدری رحمت علی کی 68 ویں برسی کے حوالے سے خصوصی پروگرام بھی ریکارڈ کرایا جو تین فروری کو پی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا پاکستان نیشنل مومنٹ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا کہ لفظ پاکستان کے خالق چوہدری رحمت علی کے جسد خاکی کو برطانیہ سے پاکستان لا کر شکرپڑیاں اسلام آباد میں واقع پاکستان مونومنٹ کے احاطہ میں قومی اعزاز کے ساتھ دفن کیا جائے جس کا انہوں نے زبانی اور تحریری طور پر وعدہ کر رکھا ہے۔
چوہدری رحمت علی کی برسی کے حوالے سے پاکستان نیشنل مومنٹ کااجلاس
Feb 03, 2019