اسلا م آباد( نیوزڈیسک) جمہوریہ کرغستان کے سفیر عزت مآب ایرک بیشمبیو نے چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان سید جنید اخلاق سے اکادمی ادبیات پاکستان ،اسلام آبادکے دفتر میں ملاقات کی۔کرغستان کے سفیر نے کہا کہ اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے شائع ہونے والے چنگیز آتمانوف کی منتخب کہانیوں کی اُردو تراجم سے پاکستانی اہل قلم استفادہ کرسکیں گے۔ اُنہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں کے تبادلوں اور دونوں ملکوں کی زبانوں کے ادبی تراجم وقت کی اہم ضرورت ہیں ۔ اس موقع پر چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان سید جنید اخلاق نے کرغستان کے چنگیز اتمانوف کی منتخب کہانیوں کے اُردو تراجم کو دونوں ممالک کی ادبی دوستی کیلئے سنگ میل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ چنگیز اتمانوف کی منتخب کہانیوں کے اُردو تراجم پر مشتمل کتاب اشاعت کے آخری مراحل میں ہے۔کرغستان کے سفیر ایرک بیشمبیو نے اکادمی ادبیات پاکستان کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں کو بے حد سراہا۔ ملاقات میں ڈپٹی ہیڈ آف میشن جمہوریہ کرغستان ایبک تلیبالیو، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید،اور اکادمی ادبیات پاکستان کی رابطہ کار فضہ گل نے شرکت کی۔ چیئرمین سید جنید اخلاق نے کرغستان کے سفیر ایرک بیشمبیو کو اکادمی ادبیات کی مطبوعات کا سیٹ پیش کیا، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید نے ڈپٹی ہیڈ آف میشن جمہوریہ کرغستان ایبک تلیبالیوکو اکادمی ادبیات پاکستان کی مطبوعات کا سیٹ پیش کیا۔