کلر سیداں، پانچ مسلح ملزمان نے منی چینجر سے پینتالیس لاکھ لوٹ لیئے

Feb 03, 2020


کلر سیداں (نامہ نگار)کلرسیداں میں ڈکیتی کی واردات پانچ مسلح ملزمان نے منی چینجر سے پینتالیس لاکھ لوٹ لیئے مزاحمت پر گارڈ کو بھی فائرنگ کر کے زخمی کر دیا واردات کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے یہ واقعہ گذشتہ رات دس بجے کلرسیداں شہر کے عین وسط میں چوآ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب شہزاد منی چینجر کو کیش پہنچانے کے لیئے ان کی بلٹ وین یہاں پہنچی اس سے چند منٹ قبل ہی دو موٹرسائیکلوں پر سوار پانچ ملزمان جائے واردات پر پہنچ چکے تھے جب منی چینجر کا سٹاف اپنی کیش وین سے لے کرچند فٹ کے فاصلے پر دوکان میں پہنچے تو پانچوں ملزمان بھی وہاں پہنچ گئے تینوں ملزمان منی چینجر کے اندر گھس گئے اور انہوں نے گارڈ ظفر محمود کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور وہاں موجود پینتالیس لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے نعمان شاہ ولد فرمان شاہ نے تھانہ کلر سیداں پولیس کو بیان دیا کہ میں عرصہ دو سال سے کلر سیداں چوآ خالصہ روڈ پر واقع منی ایکس چینج جس کا مالک عمران شہزاد سکنہ غوثیہ محلہ کلر سیداں ہے میں بطور کیشئر کام کر تا ہوں۔گزشتہ روز میں، ظفر محمود اورنثار احمد جس کے پاس پسٹل 30 بور تھا،مالک منی ایکس چینج کی ذاتی سکیورٹی والی گاڑی لینڈ کروزر جس کو ساجد محمود ڈرائیو کر رہا تھا، مال پلازہ صدر راولپنڈی سے رقم مبلغ 45 لاکھ روپے لے کر کلر سیداں آ رہے تھے کہ بوقت دس بجے شب،منی ایکس چینج کلر سیداں پہنچے اور گاڑی روک کر میں اور ظفر محمود کیش والا بیگ اٹھا کر اندر چلے گئے اور نثار احمدسکیورٹی گارڈ باہر کھڑا ہو گیا۔اسی دوران پانچ اشخاص جو آتشیں اسلحہ سے مسلح تھے، آگے آ گئے اور ان میں سے ایک شخص نے سیدھا فائر کیا جو ظفر محمود کو دائیں جانب لگاجس سے وہ زخمی ہو کر گر پڑا اور اس کا پسٹل فائر کرنے والے شخص نے اٹھا لیاپھر دوسرے ڈاکو نے فائر کیا جو سامنے کیش کاؤنٹر پر لگا جس سے کاؤنٹر کا شیشہ ٹوٹ گیا۔تین ملزمان باہر کھڑے تھے جبکہ دو ملزمان اندر داخل ہو کر کارروائی کرتے رہے اور مجھ سے کیش والا بیگ چھین لیا اورسڑک پر کھڑے دو موٹر سائیکلوں پر بیٹھ کر کلر سیداں بائی پاس کی جانب فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے۔واقعہ کے فوری بعد ایس پی صدر اور ایس ڈی پی او کہوٹہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مختلف کاروباری اداروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ۔

مزیدخبریں