لاہور+ فیصل آباد (نیوز رپورٹر‘ آن لائن)گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم بلدیاتی اور آئندہ عام ا نتخابات میں بھی (ق) لیگ کے ساتھ اتحاد چاہتے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزا لٰہی نے بالکل درست کہا ہے کہ اتحاد ختم ہونے سے تحر یک انصاف اور (ق) لیگ دونوں کو نقصان ہوگا۔ چوہدری برادران نے حکومتی کمیٹی میں میرے نام پر اعتراض کی بات نہیں کی۔ چوہدری برادران کے ساتھ اچھے اور بہت پرانے تعلقات ہیں۔ (ق) لیگ، ایم کیو ایم اور بلو چستان عوامی پارٹی سمیت تمام اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں اور کوئی بھی اتحادی حکومت گرانے کی بات نہیں کر رہا۔ اختلاف رائے سیاست اور جمہوریت کا حسن ہے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سمیت تمام ادارے پاکستان میں معشت کی بہتری کی تصدیق کر رہے ہیں۔ وہ اتوار کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں ہینڈی کرافٹس شاپ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے سوالوں کے جوابات دے رہے تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے (ق) لیگ کے ساتھ مذاکرات کیلئے میری سر براہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔ ہم بہت جلد (ق) لیگ کی قیادت کے ساتھ باقاعدہ رابطہ کریں گے اور ان کے جو بھی تحفظات ہوں گے ان کو یقینی طور پر دور کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر چوہدری سرور نے کہا کہ ماضی میں کیا ہوتا ہے اس کو چھوڑ کر ہمیں اب آگے کی طرف بڑھنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ (ق) لیگ اور حکومت کے درمیان معاملات بالکل ٹھیک ہوجائیں گے۔ اب ہفتے کے روز بھی گورنر ہاؤس عوام کیلئے کھولا جائیگا اور یہاں پر آنیوالے عوام کیلئے ہینڈی کرافٹس شاپ بنائی گئی ہے۔ کوشش کرینگے کہ بیرون ملک ہنر مندوں کے فن پارے بھیجے جائیں۔ اس کے علاوہ گورنر ہاؤس سیر کیلئے آنیوالوں کو کھانے پینے کیلئے بھی شاپس بنائی جا رہی ہیں تاکہ یہاں آنیوالے اپنی فیملی کیساتھ بھر پور انجوائے کر سکیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور فیصل آباد کی تمام تاجر اور صنعتکار تنظیموں سے مذاکرات کیلئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس انڈسٹری پہنچ گئے۔ گورنر سے ملاقات کے بعد انکی یقین دہانی پر تاجر اور صنعتکاروں کی مشترکہ ایکشن کمیٹی نے 8فروری کو چوک گھنٹہ فیصل آبادمیں جلسہ کرنے اور 10فروری سے مکمل پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان موخر کردیا۔ آن لائن کے مطابق شہر کی ڈیڑھ سو سے زائد تاجر اور صنعتکار تنظیموں نے چوک گھنٹہ گھر میں گذشتہ روز احتجاجی کیمپ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ 8فروری کو چوک گھنٹہ میں جلسہ کرنے اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 10فروری سے مکمل پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے گورنر چوہدری سرور کو ہدایت کی وہ فیصل آباد کے تاجروں اور صنعتکاروں سے رابطہ کریں۔