کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچے جہاں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما عامر خان نے استقبال کیا۔ اس موقع پر صادق سنجرانی نے ایم کیوایم کی قیادت اور رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی جن میں خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری، امین الحق، سینیٹر نصیب اللّٰہ اور سینیٹر احمد خان شامل تھے۔ ملاقات کے بعد چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے مشترکہ میڈیا سے گفتگو بھی کی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم مرکز آمد میں تاخیر کا سبب مصروفیات تھیں لیکن وعدہ تھا کہ ان کے دفتر آکر ہی شکریہ ادا کروں گا اسے لیے آیا ہوں۔ہم قومی مسائل پر ایک ساتھ ہیں، مسائل کے حل کے لئے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ خالد مقبول صدیقی سمجھدار آدمی ہیں، ان کو چاہیے واپس آجائیں تاکہ لوگوں کی خدمت کابینہ میں بیٹھ کرکرسکیں۔ چیئرمین سینٹ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم یا کسی بھی پارٹی کے لیے میرا جو کردار ہوگا وہ ادا کروں گا اور پاکستان کے لئے کسی بھی شخص کے گھر جانے کے لیے تیار ہوں۔ دوسری جانب خالد مقبول صدیقی نے کا کہنا تھا کہ ہم ایسا نظام چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ہر شہری کو برابر کے حقوق ملیں اس لیے بلوچستان میں کبھی بھی زیادتی ہوئی ایم کیو ایم نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی نے بخوبی سینٹ کو چلایا ہے، ہم مل کر ہمیشہ مظلوموں کے حق میں آواز اٹھائیں گیں، ہمارے اور ان کے مسائل مل کر حل کریں گے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی کی تقرری سیاسی بنیادوں پر نہیں ہونی چائیے یہ ایک انتظامی مسئلہ ہے اور اسے انتظامی بنیادوں پر حل ہونا چاہئے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ملکی بہتری کیلئے ہمیشہ ایم کیوایم پاکستان کے ساتھ کھڑا رہوں گا اورانشا اللہ جلد ہماری پارٹی کے سربراہ جام کمال بھی ایم کیوایم پاکستان کے مرکز کا دورہ کرینگے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ ڈاکٹرمقبول صدیقی کو یقین دہانی کرانے آیا ہوکہ ہم انکے ساتھ ہیںاور پاکستان کی ترقی کیلئے ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی کو کابینہ میں واپسی کا سوچنا چاہیے۔
متحدہ کے ساتھ ہیں، خالد مقبول عوامی خدمت کیلئے کابینہ میں واپس آجائیں: سنجرانی
Feb 03, 2020