لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے ۔پاکستان کے عوام کی خدمت کا عزم لے کر آئے ہیں تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کے سفرکو جاری رکھیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے شفافیت کے نئے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ ہر سطح پر شفافیت کو فروغ دے کر قومی وسائل کو بچایا گیا ہے۔ کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ماضی میں کرپٹ عناصر نے کرپشن کر کے اداروں کو کھوکھلا کیا اور معیشت تباہ و برباد کی۔ موجودہ حکومت کی تمام تر پالیسیاں شفاف اور ملکی مفاد میں ہیں۔ عوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے۔ صوبے کے عوام کی خدمت کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 22 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے موجودہ حکومت کاایک بھی سکینڈل نہ ہے، نہ ہوگا۔پنجاب کا ہر پسماندہ شہر میرا شہر ہے، بدل کر دم لوںگا۔ انہوں نے کہا کہ دہائیاں گزرنے کے باوجود عوام کی پسماندگی اور محرومیاں تکلیف دے ہیں۔ پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ ترقیاتی بجٹ میرٹ پر شفافیت کے ساتھ خرچ کیا جائے گا۔ عثمان بزدارنے ایک اور جمہوری اور عوامی اقدام اٹھاتے ہوئے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار 2020-21 کے ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریںگے۔ وزیراعلی نے کل مورخہ 3 فروری کو فیصل آباد ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تجاویز اورسفارشات پیش کریںگے۔ اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں عوامی فلاح وبہبود کی سکیموں کی نشاندہی کریںگے۔
حکومت کا کوئی سکینڈل ہے نہ آئیگا، شفافیت کو فروغ دیا، پارٹی عمران کی قیادت میں متحد: عثمان بزدار
Feb 03, 2020