لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن پاکستانی کیوریٹرز کی صلاحیتوں کے معترف نکلے، انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بتایا کہ پچز کی تیاری میں بہت زیادہ بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ تجویز کے بعد سنٹر پچز کو پریکٹس کیلئے استعمال کرنے سے بھی روک دیا ہے۔ اینڈی ایٹکنسن نے پاکستان کے گراؤنڈ سٹاف کے کام اور صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں اس شعبے میں کافی بہتری آئی ہے تاہم گراؤنڈ کے سب سے اہم حصے کے نامناسب استعمال کی وجہ سے بہتر نتائج نہیں آتے۔پی سی بی نے پچز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اینڈی ایٹکنسن کی تجویز پر سنٹر پچز کو پریکٹس کیلئے استعمال کرنے سے روکنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ گراؤنڈ سٹاف بہت اچھا کام کر رہا ہے لیکن سنٹر پچز کا پریکٹس کیلئے استعمال کی وجہ سے میچ کے دنوں میں اچھے نتائج سامنے نہیں آتے۔ پچز کے معیار کو بلند کرنے کیلئے آئندہ قومی ٹیم اور ڈومیسٹک ٹیموں کے کوچز کو سنٹر پچز کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ بورڈ کو ایسی ہی تجاویز ماضی میں مقامی کیوریٹرز نے بھی دی تھیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ اعلیٰ افسران پچز کی خرابی یا غیر معیاری ہونے کا ذمہ دار اپنے سٹاف کو ٹھہراتے رہے ہیں جبکہ آئی سی سی کے کنسلٹنٹ نے پاکستانی کیوریٹرز کی تعریف نے تصویر کا دوسرا رخ پیش کیا ہے۔ اینڈی ایٹکنسن اپریل میں دوبارہ پاکستان آئیں گے۔ اس دوران وہ لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے کیوریٹرز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔
آئی سی سی کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن پاکستانی کیوریٹرز کے معترف نکلے
Feb 03, 2020