لاہور( سپورٹس رپورٹر)روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کل کھیلا جائے گا۔ پوچیف سٹروم پہنچنے والی قومی ٹیم نے گزشتہ روز 3 گھنٹے سے زائد ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔آل رائونڈرفہد منیر کا کہنا ہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ وہ میگا ایونٹ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور وہ کوشش کرتے ہیں کہ ہر میچ میں 100 فیصد کارکردگی پیش کریں۔ زمباوے کیخلاف جلدی وکٹیں گرنے کے بعد انہیں ہیڈ کوچ کی جانب سے وکٹ پر رکنے کی ہدایات ملی تھی لہٰذا انہوں نے ٹیم پلاننگ پر عمل کرکے نصف سنچری سکور کی۔ افغانستان کیخلاف میچ میں بینونی کی وکٹ ان کیلئے سازگار رہی اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے میچ میں یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایونٹ پر روانگی سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مشتاق احمد نے انہیں اہم ٹپس دیں جو کارگر ثابت ہورہی ہیں۔بھارت کیخلاف میچ میں وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔