سینیٹ،ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ سے متعلق بل پیش کرنے کی تحریکیں مسترد

سینیٹ نے چیئرمین، سپیکر، ڈپٹی چیئرمین، ڈپٹی سپیکر اور ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بل پیش کرنے کی تحریکیں مسترد کر دی ہیں۔وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے الاؤنسوں اور مراعات میں اضافے کے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کے معاشی استحکام کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے یہ بل مالیات سے متعلق ہونے پر قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی تجویز دی۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت کی خراب صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری مہم شروع کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود پرائم منسٹر ہاؤس کے بجٹ میں کمی کے ذریعے کفایت شعاری کی مثال قائم کی ہے۔قائدحزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ان کی جماعت اس وقت تک تنخواہوں میں اضافے کا نہیں کہے گی جب تک عام آدمی کی معاشی حالت بہتر نہیں ہوتی۔

ماحولیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے آج سینٹ میں محمد عثمان خان کاکڑ کی طرف سے پیش کی گئی تحریک کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دس ارب درخت لگا کر ملک میں جنگلات کے رقبے کو تین فیصد بڑھایا جائے گا۔زرتاج گل نے کہا کہ دس ارب درخت لگانے کے لئے تمام صوبوں سے دس لاکھ ہیکٹر زمین بروئے کار لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دس ارب درخت لگانے کے منصوبے سے بلاواسطہ ساٹھ ہزار سے زائد اور بالواسطہ 50 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ایوان کا اجلاس کل سہ پہر تین بجے پھر ہو گا۔ 
 

ای پیپر دی نیشن