انٹرویو: نعیم اختر
کشمیر پاکستان کی شہ رگ جس پر بھارت نے پچھلے70 برس سے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر اس دن پوری دنیا میں نہتے کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم کیخلاف انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خودمختاری دلانے کے لئے مظاہرے‘ سیمینار اور ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ بھارت نے کشمیر کی جداگانہ حیثیت کو یکطرفہ طور پر آج سے 550 دن قبل ختم کرکے جنت نظیر کشمیر کو بھارت میں شامل کرلیا۔ بھارت کے اس غیر قانونی عمل کے خلاف پوری دنیا سراپا احتجاج بن کر کشمیری عوام کے ساتھ جاکھڑی ہوئی۔ نوائے وقت نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور انکے آزاد حیثیت کی بحالی کے لئے بھرپور انداز میں آواز بلند کرکے کشمیر کے مسئلے کو زندہ و جاوید رکھا ہوا ہے۔ یہ ہی وجہ ہے کہ کوئی دن نہیں جاتا جب کشمیر کے ا یشو پر نوائے وقت میں بات نہ کی جاتی ہو۔ فروری کا مہینہ آتے ہی کشمیر کی جدجہد آزادی کی تحریک میں نئی جان آجاتی ہے۔ پاکستانی عوام تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں یک جاں دو قالب کی مانند متحد و منظم ہوکر کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوجاتی ہیں تو دوسری طرف نوائے وقت کی خصوصی اشاعت کا سلسلہ بھی شروع ہوجاتا ہے جس میں کشمیر کی جدوجہد آزادی کے شہداء اور غازیوں کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ بلوچستان کے سابق صوبائی صدر اور سابق سینئر صوبائی وزیر میر صادق عمرانی کسی تعارف کے محتاج نہیں ان کا شمار نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں پارٹی کے مقبول رہنمائوں میں ہوتا ہے۔ کشمیر ڈے کے حوالے سے نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے میر صادق عمرانی نے کہا کہ کشمیر کے بغیر تکمیل پاکستان کا ایجنڈا نا مکمل ہے۔ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے۔ کوئی طاقت کشمیریوں سے پاکستانی عوام کو الگ نہیں کرسکتی۔ کشمیر کی آزادی کشمیری عوام کا مقدر ہے۔ وہ دن دور نہیں جب جنت نظیر کشمیر کی وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں میر صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پورے ملک کی طرح غیور بلوچ بھی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بربریت ظلم اور بھارتی افواج کے مظالم نے دنیا کی آنکھیں کھول دی ہیں مگر اس کے باوجود عالمی برادری کی جانب سے خاموشی المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں اقوام متحدہ کشمیر میں ہونے والے مظالم روکنے اور وہاں کے عوام کو جینے کا حق دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ صادق عمرانی نے نوائے وقت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوائے وقت کے بانی حمید نظامی، معمار نوائے وقت مجید نظامی نے کشمیر کاز کو اجاگر کرنے میں جو نمایاں خدمات انجام دیں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ انکے مشن کو ایڈیٹر انچیف رمیزہ مجید نظامی با احسن خوبی سر انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوائے وقت اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ بابائے قوم حضرت قائد اعظم کے کہنے پر نوائے وقت کا اجراء ہوا جس نے پاکستان کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، جمہوریت کی بحالی اور آمریت کیخلاف ہراول دستے کا کردار ادا کیا جسے بھلانا مشکل ہے۔