لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشیدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان رواں ماہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس منصوبے کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں شامل موضع ہلوکی میں واقع آٹھ ہزار کنال اراضی پر 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے کی لاگت سے ساڑھے چھ سو کنال اراضی پر چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس سائٹ کا دورہ کیا ۔ا س موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران اورگورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی ان کے ہمراہ تھے۔چیف انجینئر عبدالرزاق چوہان کی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان اور متعلقہ افسر بھی موجودتھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علاقے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے 20 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت 563 کنا ل اراضی پر تقریباً10 ارب روپے کی لاگت سے چار منزلہ اپارٹمنٹس کے125بلاک تعمیر کئے جائیں گے ایک بلاک32رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ650مربع فٹ ہوگا جو دو بیڈ رومز پر مشتمل ہوگا ۔ایل ڈی اے کی طرف سے ایک اپارٹمنٹ کی قیمت27لاکھ چھ ہزار پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے جو آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی۔الاٹمنٹ کے لئے درخواستیں بنک آف پنجاب کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔چار ہزار فلیٹس تعمیر کرنے کا کام ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔