اسلام آ باد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + وقائع نگار خصوصی + نیوز رپورٹر) تھانہ رمنا نے سرینگر ہائی وے جی الیون سگنل پر ٹریفک حادثے میں چار افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی ایف آئی آردرج کرلی۔ جبکہ ٹریفک پولیس نے جائے حادثے کا نقشہ بھی جاری کردیا۔ مجیب الرحمن سکنہ نوگزی مانسہرہ نے ایف آئی آر میں کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کو نامزد کردیا ہے۔ وقائع نگار کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ٹریفک حادثہ میں کشمالہ طارق کے بیٹے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل نے 16 فروری تک پولیس کو اذلان خان کی گرفتاری سے روک دیا۔ نیوز رپورٹر کے مطابق وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت خواتین کشمالہ طارق نے کہا ہے کہ حادثے میں میرے خاوند اور بیٹے پر لگنے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ قانون اپنا راستہ ضرور بنائے لیکن میڈیا ہم پر بے جا الزامات نہ لگائے، پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم بھی اللہ کو پیارے ہو سکتے تھے۔