اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات عوامی سطح پر بہت مضبوط اور دیرینہ ہیں۔ برطانیہ کی پاکستان سے متعلق مثبت سکیورٹی ایڈوائس کی وجہ سے ملک کو بہت فائدہ ہوا اور بیرونی دنیا میں پاکستان کا تاثر بہتر ہوا۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان رابطے مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو برطانیہ کے ہائی کمشنر کر سچن ٹرنر سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ اور برطانوی ہائی کمشنر نے معاہدے کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا پاکستان کا بیرونی دنیا میں تاثر بہتر ہواہے۔ بڑی بدقسمتی ہے کہ غریب ممالک سے پیسہ لوٹنے والے بڑے ممالک میں پناہ لیتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا ایسے اقدامات کرنے چاہئے کہ جرم کرنے والے شخص کو کہیں پناہ نہ ملے۔ اس موقع پر برطانیہ کے ہائی کمشنر کر سچن ٹرنر نے کہا کہ کرونا وائرس کنٹرول کرنے کے حوالے سے پاکستان کے انتظامات اور داخلی سکیورٹی بہت تسلی بخش ہے۔
شیخ رشید سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، حوالگی معاہدہ جلد مکمل کرنے پر اتفاق
Feb 03, 2021