اسلام آباد/ ساہیوال/ فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی‘ آئی این پی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ آن لائن) کرونا وائرس سے مزید 63 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 11 ہزار 746 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 648 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 220 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 58 ہزار 220، سندھ میں 2 لاکھ 47 ہزار 727، خیبر پی کے میں 67 ہزار 419 بلوچستان میں 18 ہزار 830، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 909، اسلام آباد میں 41 ہزار 493 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 50 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 80 لاکھ 5 ہزار 794 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 813 نئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اب تک 5 لاکھ 2 ہزار 537 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 881 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 2247715ہوگئیں، کیسز 10کروڑ 39لاکھ 31ہزار سے سے تجاوز کر گئے۔ پنجاب کے بعد سندھ میں سب سے زیاد اموات ریکارڈ کی گئیں ۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 33 ہزار 365 ہے۔ ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار 648 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 9 ہزار 50, بلوچستان میں 18 ہزار 830, گلگت بلتستان میں 4 ہزار 909، اسلام آباد میں 41 ہزار 493, خیبر پختونخوا میں 67 ہزار 419، پنجاب میں 1 لاکھ 58 ہزار 220 اور سندھ میں 2 لاکھ 47 ہزار 727 مریض ہیں۔کرونا سے ایک اور 55سالہ مریضہ خالدہ جاں بحق ہو گئی۔ کرونا ایمرجنسی وارڈ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال میں پاکپتن کے ناظم کی 55سالہ بیوی کو کرونا پازیٹو آنے کے بعد آئسولیشن وارڈ میں تین یوم قبل داخل کرایا گیا تھا جس نے گزشتہ رات دم توڑ دیا۔ اب آئسولیشن وارڈ میں 8مریض داخل ہیں جن میں تین پازیٹو شہزادی 25سالہ چیچہ وطنی، ظہیر کمال 56سالہ پاک ایونیو، یٰسین 54سالہ قبولہ شامل ہیں۔ کرونا وائرس ایک اور قیمتی جان نگل گیا۔ سابق پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری انتقال کر گئے۔ مرحوم سابق آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین کے سسر تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری میں چند روز قبل کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔