پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے شارٹ رینج بیلسٹک میزائل غزنوی(حتف تھری)کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ یہ جدید میزائل ایٹمی سمیت تمام قسم کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے.پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بیلسٹک میزائل 290 کلومیٹر تک جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کامیاب تجربہ پر صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف نے انجینئرز سمیت سائنسدانوں کو مبارک باد بھی دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق غزنوی میزائل کی ٹریننگ لانچ کا مظاہرہ کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے دیکھا اور انتہائی مہارت سے ویپن سسٹم کی ہینڈلنگ اور آپریٹ کرنے کی صلاحیت کو سراہا جبکہ غزنوی میزائل کے کامیاب تجربے کے ساتھ آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی سالانہ فیلڈ تربیتی مشقوں کا بھی اختتام ہوا ۔اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، سائنسدان اور انجینئرز بھی میزائل تجربے کے دوران موجود تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ پاکستان کا کسی بھی ایٹمی صلاحیت کے حامل ہتھیار کا دوسرا تجربہ ہے۔ اس سے قبل 20 جنوری کو پاکستان نے 2،750 کلومیٹر دور تک مار کرنے والے شاہین تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔