اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری یاسین نے کہا ہے کہ بھارت کا انجام بھی سوویت یونین کی طرح کا ہی ہو گا اور یہ ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے مملکت خدا داد پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کو ثابت کر دیا ہے اور ان کی تحریک کا منطقی انجام آزادی ہو گا۔ چودھری یاسین نے یوم یک جہتی کشمیر کے حوالے سے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یوم یک یکجہتی کشمیر منانے کا آغاز محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے کیا تھا جب سے یہ دن سرکاری طور پر منایا جاتا ہے، اور اس دوران پاکستان، آزاد کشمیر، گلگت وبلتستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کی آزادی ایک واضح ایجنڈا ہے جس کے ساتھ پی پی پی آزاد کشمیر منسلک ہے، دنیا کا معیار دوہرا ہے، مشرقی تمیور، سوڈان اور دیگر کئی ممالک میں جہاں حق خود ارادیت کی تحاریک موجود تھیں وہاں دنیا نے ان کا ساتھ دیا اور وہاں عوام کو خود اختیاری کا حق ملا۔ اسی طرح عراق اور کئی دوسرے ایشوز پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا گیا، مگر مسئلہ کشمیر کے بارے میں معیار بدل جاتے ہیں، اور یو این قراردادیں پس پشت ڈال دی جاتی ہیں۔
چودھری یاسین
بھارت کا انجام بھی سوویت یونین کی طرح ہی ہو گا: چودھری یاسین
Feb 03, 2022