لاہور (انٹر ویو: میاں علی افضل سے) صوبائی وزیر ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ محکمہ میں کرپشن کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ میرٹ کو ترجیح دی گئی، تمام تر سسٹم کو آن لائن کیا جا رہا ہے اور کرپشن کے تمام راستے بند کئے جا رہے ہیں۔ گھروں سے بچوں کو سکولوں میں لایا جا رہا ہے۔ جہاں انہیں مفت کتابوں کے ساتھ دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ مراد راس نے کہا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ سے لے کر اے سی آر تک تمام سسٹم آن لائن کر دیا گیا ہے۔ اب کسی ٹیچر کو ٹرانسفر یا اے سی آر کے لئے کسی کی منت سماجت نہیں کرنی پڑے گی۔ اگر کوئی 7دن کے اندر ٹیچر کی درخواست پر عمل نہیں کرتا تو آن لائن سسٹم کے ذریعے پتہ چل جائے گا اور فائل خود بہ خود کسی دوسرے آفیسر کے پاس چلی جائے گی۔ میرٹ کی خلاف ورزی پر بھرپور کارروائی یقینی ہو سکے گی۔ مراد راس نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر چھٹی، پرموشن سمیت دیگر مسائل ہو جاتے ہیں اور کسی ٹیچر کو اب کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ پرائیوٹ سکولوں کے حوالے سے ایک خصوصی اتھارٹی بنانے جا رہے ہیں۔ پرائیویٹ سکولوں میں طلباء اور ان کے والدین کو درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے گا جبکہ پرائیوٹ سکولوں کو حکومتی پالیسوں کے ماتحت بھی کیا جا سکے۔ مراد راس نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ٹھیک کرنے کے لئے 290 ارب ڈالر چاہئیں اور ہم نے صرف 5 ارب روپے میں بہت سے مسائل حل کر دئیے ہیں۔ اب تک 7ہزار سکول اپ گریڈ کئے جا چکے ہیں پنجاب ہم کوئی نیا سکول تو نہیں بنا سکے لیکن سکولوں کی اپ گریڈیشن کا سلسلہ جاری ہے۔ پروجیکٹز کی تعمیر اس بات کی گواہی دے رہی ہے۔ پروجیکٹز میں سے کمشن نہیں لی جا رہی ہے اور تمام کام میرٹ پر کیا جا رہا ہے۔ مراد راس نے کہا کہ ہفتہ میں ایک دن ضرور اپنے حلقہ کو دستیاب ہوں، جہاں لوگوں سے ملتا ہوں، ان کے مسائل سنتا ہوں اور ان کو حل کروانے کی پوری کوشش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے لئے بہترین اقدامات کئے۔ جہاں جہاں سڑکیں بنوائی پہلے سیوریج کا کام کروایا تاکہ سڑکیں اکھاڑ کر دوبارہ نہ بنوانی پڑیں۔