حکومت کے دامن  پر کرپشن کا داغ نہیں، عوام کی خدمت کا بیڑہ اٹھالیا: عثمان بزدار

Feb 03, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں مختلف وفود نے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلیٰ  سے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ڈیرہ غازی خان بار ایسوسی ایشن، ٹریڈرز اور پی ٹی آئی کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔ عثمان بزدار نے صنعت کاروں، تاجر برادری اور وکلا برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ہم نے عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔ عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں عمائدین اور معززین سے ملاقاتیں کیں اور اس موقع پرشرکاء کو بتایا کہ پنجاب حکومت ایک لاکھ 30 ہزار ملازمتوں پر بھرتیاں کرے گی۔ پہلے مرحلے میں ملازمتوں کی بھرتی کا اشتہار دیا جا چکا ہے۔ ملازمتوں کے لئے امیدواروں کو بالائی عمر میں 2 برس کی رعایت دی جائے گی۔ عمر میں 2 برس کی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ ساڑھے تین برس کے دوران صرف اور صرف عوام کی خدمت کی ہے۔ حکومت کے دامن پر کرپشن سکینڈل کا کوئی داغ نہیں، میں اللہ تعالی اور عوام کو جوابدہ ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سردار فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور عمارت کی تعمیر پر ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ حکام نے وزیر اعلیٰ کو کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سردار فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج معالجے کی سٹیٹ آف آرٹ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ نہ صرف جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اس انسٹی ٹیوٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ علاج معالجے کی سہولتیں ملیں گی بلکہ بلوچستان اور سندھ کے لوگ بھی اس انسٹی ٹیوٹ میں علاج کرا سکیں گے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیاں ختم کرکے دم لیں گے۔ انہوںنے ڈیرہ غازی خان شہر کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گاڑی خود ڈرائیو کی اور مختلف علاقوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی جی خان میں صفائی کے انتظامات چیک کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈیرہ غازی خان میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے مدر اینڈ چائلڈ پراجیکٹ پر 3ارب 80کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ عثمان بزدار نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان کی ایمرجنسی اور او پی ڈی بلاک کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ ٹیچنگ ہسپتال میں ڈائیگناسٹک امیجنگ ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں کھلی کچہری لگائی۔کھلی کچہری میں خواتین نے بھی وزیر اعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ فرداً فرداً خود شہریوں کی نشستوں پر گئے۔ عثمان بزدار نے شہریوں سے ان کے مسائل پوچھے اور درخواستیں وصول کیںاور اقدامات جاری کئے۔ وزیر اعلیٰ تقریباً 2 گھنٹے تک شہریوں کے مسائل سنتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے کوہ سلیمان کے دور دراز علاقوں بارتھی اور سلاری کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بارتھی اور سلاری کے دوروں کے دوران اربوں روپے کے 11پراجیکٹس کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔

مزیدخبریں