گندم کے کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے  معائنہ اور پھپھوندی کش سپرے کریں

لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت نے گندم کی اہمیت کے پیش نظر کہا ہے کہ ملکی غذائی ضرورت کا 75فیصد سے زیادہ گندم کی فصل سے پورا ہوتا ہے لہٰذا ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر گندم کی پیداوار میں اضافہ نہایت ضروری ہے۔ گندم پر حملہ آور بیماریوں میں سے فصل کا کنگی سے تحفظ نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس بیماری کے حملہ کی صورت میں گندم کی فی ایکڑپیداوار میں 10 سے 30 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔ بھوری اور زرد کنگی کا حملہ صرف گندم کے پتوں جبکہ سیاہ کنگی کا حملہ پتوں کی ڈنڈی یا تنے پر مشاہدہ میں آتا ہے۔اس لئے گندم کے کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں کیونکہ بارشوں کے بعد نمی والے موسم میں فصل پر کنگی کا حملہ ہو نے کا امکان ہوتا ہے۔ کاشتکار باقاعدگی سے اپنی فصل کا معائنہ کریں اورکنگی کے حملہ کی صورت میں دستانوں کا استعمال کرتے ہوئے صرف متاثرہ پتوں کو توڑ کر زمین میں دبا دیں۔ شدید حملہ کی صورت میں گندم کی فصل کے صرف متاثرہ حصوں پر محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کش زہروں کا سپرے کرے تاکہ بیماری مزید نہ پھیل سکے۔

ای پیپر دی نیشن