آئندہ 5 سالوں میں آئی ٹی ملک کا سب سے بڑا برآمدی شعبہ ہوگا، عبدالرزاق دائود

کراچی(کامرس رپورٹر)وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ آئندہ 5 سال میں آئی ٹی ملک کا سب سے بڑا برآمدی شعبہ ہوگا۔ پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی شعبہ ٹیکسٹائل ہے لیکن ہم صرف ٹیکسٹائل پر انحصار نہیں کر سکتے، ہمیں اپنی برآمدات میں تنوع لانا ہوگا۔عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹر کو مراعات بھی جاری رہیں گی لیکن اس کے علاوہ معیشت کو ٹیکسٹائل کی برآمدات پر انحصار سے نکالنے کیلئے پالیسیوں پر بھی کام ہورہا ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایسا شعبہ ہے جو اگر موجودہ رفتار سے ترقی کرتا رہا تو 5 سال بعد ٹیکسٹائل کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔ حکومت ادویہ سازی اور انجینئرنگ کے شعبوں کو بھی ترقی دینے کے لیے کام کررہی ہے۔ مشیر تجارت نے پاکستان کے بڑھتے تجارتی خسارے کے حوالے سے کہا کہ ہم پر اپنی درآمدات اور برآمدات میں توازن لانے کیلئے دباؤ میں ہیں، امید ہے مارچ سے تجارتی خسارے میں کمی ہونے لگے گی ۔رواں مالی سال کے اختتام تک تجارتی خسارے کا حجم 30 ارب ڈالر تک رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن