فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) سٹیٹ افسر امتیاز علی گورایہ کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کے دوران چک نمبر58ج ب اور 61ج ب کی اراضی پر سر بلند سٹی، پیسفک سٹی اور میثاق سٹی کے نام سے ہائوسنگ سکیموں کے قیام کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ اس سلسلے میں قائم کئے جانیولے بعض تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا اور ان کے عارضی دفاتر کو سربمہر کردیاگیا جبکہ ان کے تشہیری بورڈز بھی اتاردئے گئے۔ ڈویلپرز سے کہاگیاہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں کی صورت میں قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو آگاہ کیاگیاہے کہ وہ غیر منظورشدہ /غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں پلاٹ خریدنے سے گریزکریں اور کسی بھی ہائوسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اسکی قانونی حیثیت ضرور چیک کریں تاکہ وہ کسی بھی دھوکہ دہی سے محفوظ رہیں۔ ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے منظوری کے بغیر رہائشی پلاٹ پر کمرشل بلڈنگ تعمیرکرنے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے مدینہ ٹائون میں پلاٹ نمبر79-X-ISRکو سربمہر کردیا اور مالک جائیداد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمرشلائزیشن پالیسی کی پابندی کریں۔