لاہور(نیوز رپورٹر)نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر سے نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت علی نواز ملک اورڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب روبینہ افضل نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔انہوں نے دونوں افسروں کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صوبائی وزیر نے نئے تعینات ہونے والے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صحافی برادری کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے ڈی جی پی آرآفس کو متحرک کرنے اور اسکی استعداد کار میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھانے پر زو ر دیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈی جی پی آر کے دفتری معاملات میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور مالی و انتظامی معاملات میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا فرائض میں غفلت ہر گز قابل ِقبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو ہدایت کی کہ وہ صحافی کالونی کے مسائل حل کرنے اور کالونی میں ناجائز تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تا کہ گورنمنٹ کی جانب سے صحافی بھائیوں کو دیئے جانے والے پلاٹس قبضہ مافیہ سے وگزار کروا کر ان کے اصل حقداران کو دیئے جا سکیں۔ عامر میر نے کہا کہ صحافیوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے جلد ہربنس پورہ صحافی کالونی سے بس سروس کا آغاز کیا جائے گا تا کہ صحافی کالونی میں رہنے والے صحافیوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں۔انہو ں نے صحافی کالونی میں سیکورٹی، صفائی ستھرائی، سیوریج و دیگر سہولیات کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
صحافی کالونی لاہور سے جلد بس سروس کا آغاز کیا جائے گا: نگران وزیر اطلاعات
Feb 03, 2023