مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو دیکھا جائے تو شدت سے احساس ہوتا ہے کہ طاقتور ممالک کیسے انسانی تاریخ کے بڑے المیے کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ بھارت کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
پانچ اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا جو کہ 1949 کی آئینی شق ہے جو جموں و کشمیر کو اس کی خصوصی خود مختار حیثیت دیتی ہے۔کشمیر اقوام متحدہ کا اعلان کردہ/بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور برصغیر کی تقسیم کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ ہے۔ یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ مہاراجہ کی طرف سے ہندوستان کے ساتھ نام نہاد 'الحاق' پر دستخط دباو¿/دھوکے کے تحت کیے گئے تھے۔ بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے گئے۔ دونوں ممالک کے نقطہ نظر کو سننے کے بعد اقوام متحدہ نے قرارداد 47 (21 اپریل 1948) منظور کی اور لوگوں کی خواہشات کا تعین کرنے کے لیے 'استصواب رائے' کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔ آرٹیکل 370 نے کشمیر کو آزادانہ طور پر پالیسیاں بنانے اور نافذ کرنے کے قابل بنایا، اس نے کشمیر میں بیرونی لوگوں کو زمین حاصل کرنے سے بھی روکا۔ آرٹیکل 35A، ایک علیحدہ آئینی شق، کشمیر کے مستقل باشندوں کو خصوصی حقوق اور مراعات فراہم کرکے اس کی خود مختار حیثیت کو مضبوط کرتا ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک انتہائی متنازعہ علاقے کی علاقائی حیثیت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کر رہا ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ عسکری جگہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے انتخابی نظام میں ردوبدل کرکے 2.5 لاکھ نئے ووٹرز کا اضافہ مودی حکومت کی اکثریتی مسلم خطے کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔ یہ اقدام جموں کی ہندو اکثریت اور حکومت کے حق میں تھا جس نے انتخابی نشستوں کی قرعہ اندازی میں علاقے کی آبادی کو مدنظر رکھنے کے عالمی معیار کی خلاف ورزی کی۔
بھارتی حکومت نے اب کہا ہے کہ جموں میں ایک سال یا اس سے زیادہ عرصے سے رہنے والے لوگ بطور ووٹر رجسٹر کر سکتے ہیں۔ ہندوستانی حکومت نے ایک انتہائی متنازعہ ڈومیسائل قانون بھی متعارف کرایا ہے جو خطے میں 15 سال سے زیادہ عرصے سے رہنے والے ہر ہندوستانی کو شہریت کے حقوق دیتا ہے۔ ہر ہندوستانی شہری کو خطے میں زمین خریدنے کا اہل بنانے والے نئے قوانین بھی منظور کیے گئے۔ فوجیوں کی بڑھتی ہوئی تعیناتی، معاشی وسائل پر قبضے اور ہنگامہ آرائی مقامی لوگوں کے دل و دماغ کو نہیں جیت سکے گی، اور اس کے بجائے صرف پسماندگی، ناراضگی اور عدم اعتماد کے جذبات کو مزید بگاڑ دے گا۔ 2019 میں اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی طور پر منسوخ کرنے کے بعد سے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں معمول کی واپسی کے جھوٹے بیانیے کو بیچنے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے۔ حقیقت بھارتی جھوٹے دعوو¿ں سے مختلف ہے کیونکہ بھارتی حکومت کے غیر لچکدار رویے کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں سکیورٹی کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ مودی کی قیادت میں بی جے پی انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے میں ترقی اور تشدد کا خاتمہ ہوگا۔ بھارت کا معمول اور ترقی کا دعویٰ ناکام ہو گیا ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی سے پہلے سے بھی بدتر ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر لانے کا بھارت کا دعویٰ صرف بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ بھارت خطے کی اصل صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے۔ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ کو لگانے کی اپنی سیاسی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ واضح ہے کہ بی جے پی نے حد بندی کی ہے، تاکہ وہ انتخابات منعقد کر سکے اور جیت سکے اور مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 سے اپنی غیر قانونی چالوں کو قانونی حیثیت دے کر دنیا کو جمہوری اقدار اور عمل سے اپنی وابستگی کا قائل کر سکے۔مقبوضہ کشمیر کے لوگ ہندوستانی قبضے میں اپنا تاریک مستقبل دیکھتے ہیں اور اب وہ ہندوستانی توسیع پسندانہ اور نوآبادیاتی عزائم کے ذریعہ غیر قانونی طور پر ان پر جبری غلامی کے طوق کو توڑنا چاہتے ہیں۔ہندوستانی نظام انصاف بھی مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے بلکہ مجرموں کے سامنے سرنڈر کر چکا ہے۔کشمیری قیادت اور عوام الیکشن کی آڑ میں بھارتی مذموم عزائم کے بارے میں بتاتے رہے ہیں-تاہم، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں انتخابات کی صورت میں مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو سیاسی طور پر جوڑ توڑ کا کوئی بھی اقدام مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو محکوم بنانے کی غیر قانونی اور زبردستی کوشش تصور کیا جائے گا۔کشمیریوں نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسی کوئی مہم جوئی نہ کرے کیونکہ اسے چیلنج اور قانونی طور پر مزاحمت کی جائے گی۔ نریندرا مودی کی حکومت میں کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں پاکستان تحریک انصاف کہ حکومت کو آج کشمیر یاد آتا ہے لیکن جب وہ حکومت میں تھے نمائشی احتجاج کے علاوہ کچھ نہیں کیا بلکہ احتجاج بھی جیسے کرنا چاہیے تھا نہیں کر سکے اب پانچ فروری کو پاکستان کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس دن کو بھرپور انداز میں منانے اور دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے رکھے۔ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی ہونا چاہیے۔ اس دن کا مناسب استعمال کرنا بہت اہم ہے۔ بکھری ہوئی سیاسی قیادت کو متحد ہو کر دنیا کو پیغام دینا چاہیے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات!!!!!
Feb 03, 2023