نیویارک‘ کیف (اے پی پی‘ آئی این پی) روس نے یوکرائن کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونس کا اجلاس 8 فروری کو بلانے کی درخواست کر دی۔ فرانس اور ایکواڈور کی درخواست پر یوکرائن میں انسانی ہمدردی کی صورتحال پر اجلاس 6 فروری‘ روس کی درخواست پر 8 فروری اور وزارتی اجلاس 24 فروری کو ہوگا۔ یوکرائن کے وزیردفاع اولیکسی ریزونیکوف نے کہا ہے کہ روس 24 فروری کو ایک بڑے اور نئے حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ ماسکو نے حملے کیلئے تقریباً پانچ لاکھ فوجیوں کو متحرک کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرائنی وزیردفاع نے کہا کہ ماسکو نے ہزاروں فوجیوں کو اکٹھا کیا ہے اور وہ گزشتہ سال ابتدائی حملے کی سالگرہ کے موقع پر کچھ کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ یقین ہے کہ سال 2023ء فوجی فتح کا سال ہوسکتا ہے۔ انہوں نے فرانس میں MG-200 ایئر ڈیفنس ریڈارز کے حوالے سے ہونے والے معاہدے کے بارے بتایا کہ اس سے مسلح افواج کی فضائی اہداف کا پتہ لگانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ روسی فوج نے یوکرائن کے مشرقی حصے میں پیش قدمی کرتے ہوئے کچھ علاقوں میں بمباری کی ہے۔ یوکرینی افواج کے مطابق یوکرائن کے شہر باخمت اور اس کے قریبی متعدد قصبوں میں روسی فوج نے بمباری کی۔ یوکرائنی افواج نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ ایودیو، قریبی قصبہ میرینکا اور کچھ ہمسایہ علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کراماتوسک شہر میں روسی میزائل حملے سے رہائشی عمارت تباہ ہو گئی جبکہ دیگر سات عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ان میزائل حملوں میں تین افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
یوکرائن
روس کی مشرقی یوکرائن میں بمباری 3افراد ہلاک کئی زخمی عمارت تباہ
Feb 03, 2023