کراچی (این این آئی) عام لوگ اتحاد کے رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا ہے کہ اشرافیہ نے آئین پاکستان کو پیروں تلے روند کر ایک اور میدان میں سبقت لے لی ہے۔ تحلیل شدہ صوبائی اسمبلیوں کے ملبے پر بیٹھے پنجاب اور خیبر پی کے کے گورنر انتخابات کی تاریخ دینے سے معذرت خواہ ہو گئے۔ جبکہ قانون اگر خصوصی دائرہ کار مہیا کرے، تو عمومی پروویژن لاگو نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کو ایک خط میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان فرماتے ہیں کہ، چونکہ اسمبلی انہوں نے تحلیل نہیں کی تھی لہٰذا نئی اسمبلی کی انتخابی تاریخ آئینی شق 105(3) کے تحت وہ مقرر کرنے کے مجاز نہیں۔ گورنر صاحبان وفاق کی نمائندگی کرتے ہیں اور کسی بھی حیلے یا بہانے سے پنجاب اور خیبر پی کے کی اسمبلیوں کا الیکشن کرانے سے بظاہر فرار کے خواہاں ہیں۔ ہمارے پڑوسی ملک ایران میں عراقی جنگ کے دوران ملکی الیکشن سے روگردانی نہیں کی گئی۔ ہمارے موجودہ مسئلے کا آئینی علاج صرف ایک ہے اور وہ دونوں گورنروں کو تبدیل کرنے پر مبنی ہونا چاہئے، تاکہ وفاق کے از سر نو نامزد کردہ گورنر صاحبان دستور کی پاسداری کرتے ہوئے متذکرہ مدت میں الیکشن کی تاریخوں کا فی الفور اعلان کریں۔ دوسری شکل میں یہ جمہوری اقدار اور خود آئین پاکستان سے انحراف ہوگا۔
جسٹس (ر) وجیہہ
پنجاب، کے پی کے گورنر تبدیل کئے جائیں: جسٹس (ر) وجیہہ الدین
Feb 03, 2023