حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی نے کہا ہے کہ نا اہل اور کرپٹ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے،نیب کے قوانین میں ترامیم کرکے ایمپورٹڈ حکومت نے 11 سو ارب کی چوری کی، پاکستانی عوام کا پیسہ ہڑپ کر لیا، پی ٹی ائی کے دور حکومت کے مقابلے میں مہنگائی میں 125فیصد اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تخاشا اضافے نے عوام کی نیندیں حرام کر دی ہیں اگرپی ٹی ائی کی حکومت دوبارہ بر سراقتدار آئی تو ان بڑے چوروںسے حساب ضرور لے گی اور پاکستانی قوم کے خون پسینے کی کمائی ان سے واپس نکال کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وہ پریس کلب میں اظہار خیال کے دوران کر رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں حصہ لے کر پاکستان کے عوام کو شعوراور ذہنی بیداری دی اور پہلی بار ان چوروں، لٹیروں اور اُن کے پس پردہ قوتوں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا۔ مسلط کردہ حکومت کے خلاف چیئرمین عمران خان آخری راونڈ کھیل رہے ہیں اور جب بھی چیئرمین نے اسلام آبادکی طرف لانگ مارچ کی کال دی تو پی ٹی آئی کارکن اور عوام سرپر کفن باندھ کر نکل پڑیں گے ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عمران حیدر بھٹی، سید حسین علی شاہ بھی موجود تھے۔